Type Here to Get Search Results !

World Civil Defense Awareness Walk Held

 عالمی یوم شہری دفاع  پر آگاہی واک منعقد


Faisalabadnews

فیصل آباد(یکم مارچ2022ء)ضلعی انتظامیہ اور ضلعی محکمہ سول ڈیفنس کے اشتراک سے عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر آگاہی واک منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے واک کی قیادت کی۔چیف ٹریفک آفیسر تنویر احمد ملک،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس،ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن طاہر صدیقی،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ،انچارج کنٹرول روم محمد صادق اور دیگر محکموں کے افسران،سول ڈیفنس کے رضاکار اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں واک میں شرکت کی۔واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہوئی جو خلیق قریشی روڈ،سرکلر روڈ اورکچہری بازار سے گزرتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہری دفاع کی ضرورت،اہمیت وافادیت کے بارے میں نعرے درج تھے جبکہ چوک گھنٹہ گھر میں ہنگامی حالات میں امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونیوالی مشینری وآلات کی نمائش بھی کی گئی۔ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے کہا کہ شہری دفاع کی تربیت بہت بڑی انسانی خدمت ہے اور عالمی دن منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظام کو مضبوط رکھنے کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس عالمی سطح پر ایک مسلمہ حیثیت کا نظام ہے اور فیصل آباد کی سطح پر اس سسٹم میں گزشتہ سالوں کے دوران جدت لا کر اسے مزید مضبوط اور فعال بنایا گیا ہے۔

 عالمی یوم شہری دفاع  پر آگاہی


انہوں نے کہا کہ تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں نے ہر آڑے وقت میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بے لوث انسانی خدمت کا بھاری بیڑہ اٹھایا ہوا ہے جبکہ رمضان بازاروں،محرم جلوسوں ومجالس سمیت دیگر مذہبی تقریبات پر بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد شہری دفاع کے اصولوں اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی حاصل کرے۔انہوں نے آگاہی واک اور مشینری و آلات کی نمائش کے انعقاد کے انتظامات کو سراہا۔سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ آج کے تیزرفتار اور ترقی کے اس دور میں شہری دفاع کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے اور آفات وحادثات کی صورت میں امدادی کارروائی میں شہری دفاع کے رضاکاروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر مصیبت میں گھرے انسانوں کو بچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ سیلاب،زلزلوں یا خدانخواستہ دیگر ہنگامی صورتحال کا مہارت اورتیزرفتاری سے مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے شہری دفاع کی تربیت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کے عالمی دن کو منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظریے کو موثرانداز میں اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری دفاع کا عالمی دن ہمیں اس عزم کو دہرانے کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے آپ کو مشکل حالات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ رضاکاروں کو جدید تربیت سے روشناس کرنے کے علاوہ ان کے حالات کار اوراستعداد میں اضافہ کیلئے بھی متعدد پروگرامز کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف محکمہ جات کے سٹاف اور صنعتی وسماجی اداروں میں جاکر شہری دفاع کے اصولوں کے بارے میں آگاہی پیدا کی جارہی ہے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے نمائش بھی دیکھی جس میں عوامی آگاہی کیلئے امدادی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والا سازو سامان رکھا گیا تھا جن میں بم ڈسپوزل ربورٹ،بلٹ پروف جیکٹ،بلٹ پروف ہیلمٹ،فولڈنگ سٹریچر،میٹل ڈیٹیکٹرز،گیس ماسک،ایکسکلوسوڈیٹیکٹرز،ایکسیڈینٹل ایوال،الیکٹرک ٹارچ،ڈرل،کٹر،لائف جیکٹ،فلیم کٹر،جمپنگ شیٹ،لائف رنگ،فائر فائٹنگ وریسکیو آپریشن کی دیگر اشیاء بھی شامل تھیں۔

فیصل آباد نیوز



فیصل آباد کی تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لیۓ یہاں کلک کریں۔


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.