Type Here to Get Search Results !

Blind cricket teams of Pakistan and South Africa

پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی بلائینڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹی ٹونٹی

Faisalabadnews

فیصل آباد(7مارچ2022ء)پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی بلائینڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ پاکستان بلائینڈ کی ٹیم نے 8وکٹوں سے باآسانی میچ جیت لیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 سکور کئے جس کے جواب میں پاکستان کی بلائینڈ ٹیم نے مقررہ ہدف 15.3 اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند میچ کے مہمان خصوصی جبکہ کیئر ٹیکر نوید نذیر کے علاوہ بلائینڈ کرکٹ ٹیموں کے آفیشلز ودیگر موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو فیصل آباد خوش آمدید کہا اور ان کی ٹیم کے کھیل کی تعریف کی۔انہوں نے دونوں ٹیموں کی طرف سے میچ کے بہترین کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان نے بہترین مہمان نوازی پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ منگل 8 مارچ کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب کا اچانک رورل ہیلتھ سنٹر ڈجکوٹ کا دورہ


Faisalabadnews

فیصل آباد(7مارچ2022ء)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل ملک عمر فاروق نے اچانک رورل ہیلتھ سنٹر ڈجکوٹ کا دورہ کیا اور سنٹر کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی مراحل کا جائزہ لیا۔آر ایچ سی کو وسعت دیکر تحصیل سطح کا ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بنایا جارہا ہے جس کا تعمیراتی عمل تیزرفتاری سے جاری ہے۔معاون خصوصی نے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کے شعبہ میں سہولیات کو وسعت دینے کے لئے آرایچ سی کی تحصیل سطح کے ہسپتال تک توسیع کی جارہی ہے۔انہوں نے کنٹریکٹر کو کام میں تیزی لانے کی تاکید کی اور کہا کہ وہ مراحل کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں گے۔

Faisalabadnews
فیصل آباد(7مارچ2022ء)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد روزانہ کی بنیاد پراپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مختلف نوعیت کے مسائل سن کر ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کررہے ہیں۔انہوں نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیری حربوں سے گریز کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل پر کان نہ دھرنے والے افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا لہذا وہ عوامی ریلیف کے سلسلے میں محکمانہ کارکردگی کے معیار میں اضافہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سائلین کی بات خندہ پیشانی سے سنتے ہوئے حل طلب امور کو فوری نمٹائیں۔انہوں نے بزرگوں،مردوخواتین کے مسائل سنتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات ومسائل کے فوری حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہے اور سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔

Faisalabadnews
فیصل آباد(7مارچ2022ء)معاشی مسائل کی وجہ سے بڑھتے ہوئے اضطراب اور معاشرتی تنزلی پر قابوپانے کیلئے ٹورزم اور کاروبار کے فروغ کی فضاء قائم کرنے میں میڈیا کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ عوام کو نئے معاش کے امکانات کی فراہمی سے بیروزگاری کے خاتمے اور ملکی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے اس امر کا اظہار زرعی یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات(پی آرپی) کے پرنسپل آفیسر ڈاکٹر جلال عارف نے سینئر ٹیوٹر اور پی آرپی کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار بعنوان ٹورزم اور کاروبار کے فروغ میں میڈیا کا کردار سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل آباد ڈویژن محمد اویس عابد،زرعی یونیورسٹی کے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، نجی نیوز چینل کے بیورو چیف حسام احمد،میڈیا پرسنز گلریز اقبال بھٹی اور زرعی یونیورسٹی کی طالبہ نتاشہ مرتضٰی نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر جلال عارف نے کہا کہ اگرچہ چند سالوں سے الیکٹرونک میڈیا پر سیاحت اور کاروبار کی خبروں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم عوام کو غربت کی اذیت سے نکالنے کیلئے نئی معاشی جہتوں اور سیاحت کی خبروں میں بہتری لانا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ترقی پسند سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے میڈیا میں مثبت پہلووں کو اجاگر کر کے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔ڈائریکٹر انفارمیشن اویس عابد نے کہا کہ الیکٹرونک میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ میڈیا کو بھی ٹورزم کے فروغ کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں موجودسیاحتی مقامات بارے آرٹیکلزاور فیچرز کو اخبارات کا مستقل بنیادوں پر اثاثہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں موجود تجارتی مقامات کو میڈیا پر پذیرائی حاصل ہے۔ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ سیاحت براہ راست طور پر نئی معاشی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتی ہے جس سے مقامی افراد کیلئے خوشحالی کے ساتھ ساتھ طرز زندگی میں بھی بہتری آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو حسین وادیوں اور بہترین آب وہوا سے نوازا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی خوبصورت ثقافت اور ملکی حسن کو میڈیا کے ذریعے غیر ملکی سیاحوں کے سامنے پیش کریں۔سینئر صحافی اور ادبی شخصیت حسام احمد نے کہا کہ الیکٹرونک میڈیا کا زیادہ تر وقت سیاسی پارٹیوں کی کوریج اور ٹاک شوز میں گزر جاتا ہے مگر پھر بھی گزشتہ چند سالوں سے ٹورزم اور کاروباری پروگرمز کی نشریات میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مارننگ شوز میں ٹورزم کو خصوصی توجہ حاصل ہے چند سال پہلے تک چولستان کی ثقافت اور ڈیزرٹ ریلی کو ملکی سطح پر شناسائی حاصل نہ تھی مگر اب میڈیا کی بدولت ناصرف ملکی بلکہ غیر ملکی افراد بھی اس سے باخبر ہیں۔انہوں نے کہا شمالی علاقہ جات کے ساتھ ساتھ پنجاب کے دیہی و سیاحتی مقامات کا بھی کوئی ثانی نہیں مگر افسوس کہ اس کو اب تک عوام کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔میڈیا پرسن گلزیر نے کہا کہ دور حاضر میں سوشل میڈیا کے ذریعے سیاحتی مقامات کے حسن کو عوام کے سامنے احسن انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر سیاحت کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے جلد مثبت نتائج مرتب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حسین وادیوں، دلکش جھیلوں اور برف پوش پہاڑوں کو ساری دنیا میں منفرد حیثیت حاصل ہے۔میڈیا پرسن اقبال بھٹی نے کہا کہ تخفیف غربت کیلئے سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

فیصل آباد نیوز

فیصل آباد کی تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لیۓ یہاں  کلک کریں


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.